کراچی (7 مئی 2026): ایف آئی اے نے غیر قانونی کرنسی نیٹ ورک کے رکن سے بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی برآمد کر کے ملزم کو سزا دلوا دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت نے غیر قانونی کرنسی نیٹ ورک کے ملزم عمران الیاس کو غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی رکھنے کے جرم میں ایک سال قید با مشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے عدالت نے مجرم سے برآمد رقم بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مجرم عمران الیاس سے برآمد کی گئی رقم جس میں امریکی ڈالر، یو اے ای درہم، کینیڈین ڈالرز، برطانوی پاؤنڈ اور پاکستانی کرنسی شامل ہے، اس کو ضبط کر لیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مجرم سے 19 ہزار 200 امریکی ڈالرز (53 لاکھ 52 ہزار پاکستانی روپے)، 15 ہزار 300 درہم (11 لاکھ 61 ہزار سے زائد پاکستانی روپے)، 500 کینیڈین ڈالرز (ایک لاکھ 6 ہزار پاکستانی)، 500 برطانوی پاؤنڈز (ایک لاکھ 88 ہزار پاکستانی) اور 11 لاکھ، 98 ہزار 250 روپے برآمد ہوئے تھے۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


