راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ نے آٹے کا غیر قانونی دھندہ پکڑ لیا پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جب کہ گودام بھی سیل کر دیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق روالپنڈی میں سرکاری آٹے کو ذخیرہ کرکے مارکیٹ میں مہنگا فروخت کرنے کا مکروہ اور غیر قانونی دھندہ پکڑا گیا۔ محکمہ خوراک نے پولیس کے ہمراہ صادق آباد کے علاقے میں واقع ایک گودام پر چھاپہ مارا تو وہاں سرکاری آٹے کو ذخیرہ کرکے مہنگا فروخت کرنے کا کام ہو رہا تھا۔
15 کنال پر واقع اس گودام میں سرکاری آٹے کو ذخیرہ کرنے کے بعد دوبارہ پیکنگ کرکے مارکیٹ میں مہنگا بیچا جاتا تھا۔ محکمہ خوراک کے عملے نے گودام سے سرکاری آٹے 1356 بیگ اور پیکنگ کی 3 مشینیں ضبط کرلیں جب کہ وہاں سے 13 فلور ملزم کے 20 ہزار خالی بیگز بھی برآمد ہوئے۔
پولیس نے مذکورہ گودام سے تاج گل اور داؤد خان نامی ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا ایک پک اپ، ایک لوڈر اور 2 رکشے بھی تحویل میں لے لیے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرول کے مطابق خفیہ اطلاع پر آٹے کے غیر قانونی دھندے کے خلاف کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آٹا ملک کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد عوام کی دسترس سے دور ہو گیا تھا۔ کئی شہروں میں آٹا 160 سے 170 روپے فی کلو تک فروخت کیا گیا تھا۔
تاہم حکومتی اقدامات کے باعث حالیہ چند دنوں میں آٹے کی قیمتوں میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے۔