The news is by your side.

Advertisement

‘میں چور ہوں’ سپرمارکیٹ نے بزرگ خاتون کو گلے میں بورڈ ڈال کر بٹھا دیا

بیجنگ : سپر مارکیٹ سے گوشت چرانے والی عمررسیدہ خاتون کو گلے میں ’میں چور ہوں‘ کا بورڈ ڈال کر گیٹ پر بٹھا دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ چین کے جنوبی صوبے گوان ڈونگ میں پیش آیا، جہاں گزشتہ جمعے ایک سپر مارکیٹ کے باہر معمر خاتون کو بٹھا دیکھا گیا تھا جس کے گلے ایک بورڈ بھی لٹکا ہوا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کے گلے میں لٹکے بورڈ پر لکھا تھا کہ ’میں نے تیسری بار چوری کی ہے‘۔

سپرمارکیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمررسیدہ خاتون خود ایسی سزا پر رضا مند ہوئی تھیں۔

سپرمارکیٹ کی مینیجر زونگ کا کہنا ہے کہ بزرگ خاتون نے گوشت چرا کر لے جارہی تھیں اور انہوں نے ایک ہی دن میں یہ تیسری چوری کی تھی۔

زونگ کا کہنا تھا کہ خاتون نے اسٹور میں اشیائے خورد و نوش لینے آئی تھیں اور اس دوران انہوں نے گوشت کا ایک شاپر اپنے بیگ میں چھپا لیا تھا، بعد ازاں باقی سامان کے پیسے ادا کیے اور گوشت کے پیسے دئیے بغیر سپر مارکیٹ سے باہر نکل گئیں۔

مینیجر کا کہنا تھا کہ خاتون کی اس حرکت کو سپر مارکیٹ ملازم نے دیکھ لیا تھا، جس پر ملازم نے انہیں روکا اور بیگ کی تلاشی لی، جس میں سے گوشت کا شاپر برآمد ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سامان برآمد ہونے پر مینیجر نے پولیس کو مطلع کیا، پولیس نے خاتون پر جرمانہ عائد کیا جو ان کی اہل خانہ کو ادا کرنا تھا لیکن اہل خانہ نے جرمانہ ادا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اہل خانہ کے انکار پر مینیجر نے خاتون کو سزا دینے کا یہ طریقہ نکالا تاکہ دیگر لوگوں کو بھی عبرت حاصل ہو۔

Comments

یہ بھی پڑھیں