قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور امام الحق کی جوڑی کے ہرسو چرچے ہیں جو ہر ون ڈے میچ میں نئی تاریخ رقم کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں دونوں بیٹرز کے درمیان دوسری وکٹ پر 100 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، دونوں بیٹرز سال دو ہزار اکیس سے اب تک آٹھ مواقعوں پر 100 رنز سے زائد کی شراکت داری کرچکے ہیں۔
امام الحق اور بابراعظم کو محمد یوسف اور یونس خان کی جوڑی کا ریکارڈ توڑنے کے لئے صرف ایک سینچری شراکت داری کی ضرورت ہے اس سے قبل یونس خان اور محمد یوسف کی جوڑی نو بار سینچری شراکت داری کرچکے ہیں۔
اس تاریخی شراکت داری کے دوران بابر اعظم اور امام الحق نے انفرادی طور پر مسلسل چھ ففٹی پلس اننگز اسکور کیں، محمد یوسف نے بھی لگاتار 6 نصف سنچریاں بنائی ہیں جبکہ جاوید میانداد 9 نصف سینچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
کرکٹ مبصرین دونوں بیٹرز کی جوڑی کو پاکستان بیٹنگ لائن کا ستون قرار دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ون ڈے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کررکھی ہے۔