ریاض : حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کورونا ویکسین کا پہلا انجکشن لگوا لیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس کو کنگ عبد اللہ میڈیکل سٹی میں پہلا انجکشن لگایا گیا۔ اس موقع پر امام کعبہ نے عوام کو پیغام دیا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں۔
شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزارت صحت کے عملے کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مملکت کے شہریوں اور تمام غیر ملکیوں کے لیے کورونا ویکسین کا مفت انتظام کیا ہے، یہ بات بذات خود اس چیز کی علامت ہے کہ خادم حرمین شریفین کی حکومت صحت عامہ کو کس قدر ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف جنگ کورونا ویکسین لگوا کر جیتی جاسکتی ہے۔
قبل ازیں سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز بن عبداللہ آل شیخ نے فتویٰ دیا تھا کہ روزہ کی حالت میں کورونا ویکسین لگوانا جائز ہے۔
مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ ویکیسن لگوانے سے روزہ باطل نہیں ہو گا، کورونا ویکسین عضلاتی طور پر لگائی جاتی ہے اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔