پاکستان کے اوپنر امام الحق نے بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل بابر اعظم کی انجری کے معاملے پر لب کشائی کردی۔
بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ بابر اعظم کی اپ ڈیٹ تو ڈاکٹر ہی بتائیں گے میں تو بات کررہا تھا مجھے تو ٹھیک لگ رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ظاہر سی بات ہے کہ بابر کی انجری کے بارے میں ڈاکٹر ہی ٹھیک بتاسکتے ہیں۔
یہ پڑھیں: پہلا ٹیسٹ: پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف 1 وکٹ پر 179 رنز بنالیے
علاوہ ازیں اوپنر بیٹر نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف میچ کے تیسرے دن پہلے ایک گھنٹے کا کھیل اہم ہے، اگر بیٹرز اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئے تو ہم مقابلے میں مکمل طور پر واپس آجائیں گے۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ دونوں نئے کھلاڑی اذان اویس اور عبداللّٰہ فضل باصلاحیت ہیں، اُنہوں نے حریف ٹیم کے فاسٹ بولرز کا دباؤ برداشت کیا۔
خیال رہے کہ امام الحق نے پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں اوپننگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر اذان اویس کے ساتھ 101 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ وہ 45 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 1 وکٹ کے نقصان پر 179 رنز اسکور کرلیے ہیں جبکہ بنگلادیش کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 234 رنز درکار ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


