براڈوے: براڈوے کی معروف اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ قاتلانہ حملے میں جان کی بازی ہار گئیں، قتل کے الزام میں پولیس نے ان کے قریبی دوست کو حراست میں لے لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق براڈوے کی 25 سالہ معروف اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ اسٹیج پر پیش کی جانے والی فلم دی لائن کنگ میں ینگ نالا کے کردار سے شہرت رکھتی تھیں۔ انہیں نیو جرسی میں اپنی رہائشگاہ پر چاقو کے وار سے قتل کر دیا گیا۔
مڈل سیکس کاؤنٹی پراسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے کہ صبح 9 بج کر 18 منٹ پر گروو ایونیو پر واقع ایک رہائش گاہ میں خنجر سے کئے گئے حملے کی اطلاع 911 کال پر موصول ہوئی۔
پولیس موقع پر پہنچی تو امانی اسمتھ کو شدید زخمی حالت میں پایا گیا۔ انہیں فوری طور پر رابرٹ وُڈ جانسن یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں وہ جاں بحق ہوگئیں۔
مقتولہ کے 35 سالہ بوائے فرینڈ جارڈن ڈی جیکسن اسمال کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، پراسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے کہ امانی اسمتھ اور جارڈن ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے۔ اس لیے یہ واقعہ کسی اتفاقی تشدد کا نتیجہ نہیں تھا۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد جارڈن جیکسن اسمال کو بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کیا گیا۔ ان پر فرسٹ ڈگری قتل، سیکنڈ ڈگری بچے کی فلاح کو خطرے میں ڈالنے، تھرڈ ڈگری غیر قانونی مقصد کے لیے ہتھیار رکھنے اور فورتھ ڈگری غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔



