اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کرپٹو مائننگ کے لیے 2 ہزار میگا واٹ بجلی اعتراض کرتے ہوئے تفصیلات طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کرپٹو مائننگ کے لیے 2 ہزار میگا واٹ بجلی پر بھی اعتراض اٹھا دیا۔
ذرائع نے کہا کہ کرپٹو مائننگ کیلئے 2 ہزار میگاواٹ بجلی کس ریٹ پر دی جائیں گی ، اس حوالے سے تفصیلات طلب کرلیں۔
آئی ایم ایف نے ہدایت کی کرپٹومائننگ پر 2ہزار میگا واٹ بجلی کو رعایتی ریٹ نہ دیا جائے۔
یاد رہے حکومت نے منصوعی ذہانت (اے آئی) اور بٹ کوائن مائننگ کے ڈیٹا سینٹرز کے لیے پہلے مرحلے میں دو ہزار میگا واٹ بجلی مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں : 2ہزار میگاواٹ بجلی اب ڈیجیٹل کرنسی بھی پیدا کرے گی، وزارت خزانہ
وزارت خزانہ نے کہا تھا کہ زائد بجلی کو نئی معیشت میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 2ہزار میگاواٹ بجلی اب ڈیجیٹل کرنسی بھی پیدا کرے گی۔
وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا عزم ہے کہ توانائی کو قومی ترقی کا ذریعہ بنایا جائے، پاکستان ڈیجیٹل انقلاب کی طرف گامزن ہوچکا ہے، کرپٹو مائننگ اور اے آئی سینٹرز کے ذریعے ڈیجیٹل انقلاب آرہا ہے، منصوبہ نوجوانوں کو ہائی ٹیک روزگار بھی فراہم کرے گا۔
انھوں نے مزید کہا تھا کہ کرپٹو کونسل کی سرپرستی میں نئی ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد رکھ رہے ہیں، زائد بجلی کو معاشی طاقت میں بدلنے کا یہ منصوبہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق کہ بٹ کوائن مائننگ سے پاکستان کو اربوں روپے کی آمدنی کی امید ہے، حکومت نے نئی ٹیکنالوجی اپنانے کا جرات مندانہ فیصلہ کرلیا ہے، پاکستان اب نہ صرف توانائی پیدا کرے گا بلکہ ڈیجیٹل اثاثے بھی بنائے گا۔


