اسلام آباد (26 فروری 2026): آئی ایم ایف نے یو اے ای سے لیے گئے 2 ارب ڈالر ڈپازٹ کو کم از کم ایک سال کے لیے رول اوور کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق یہ معاملہ اقتصادی جائزہ مذاکرات کے دوران اٹھایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد نے متحدہ عرب امارات کے دو ارب ڈالر ڈپازٹ کے ایک سال کے لیے رول اوور نہ ہونے پر سوالات کیے۔ اس پر اسٹیٹ بینک حکام نے اقتصادی جائزے کے دوران ہی رول اوور کے حوالے سے اہم پیش رفت کی یقین دہانی کرائی۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق اہم پیش رفت کے لیے آئی ایم ایف وفد کی یو اے ای کے سفیر سے ملاقات کا بھی امکان ہے تاکہ ڈپازٹ کے رول اوور سے متعلق معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
مرکزی بینک حکام نے آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فنڈ کے ساتھ طے شدہ ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر عمل درآمد جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق عارضی رول اوور کی صورت میں بھی حکومت دوبارہ بات چیت کر رہی ہے تاکہ ڈپازٹ کی مدت میں توسیع یقینی بنائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد سے زرمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، ایکسچینج ریٹ اور اینٹی ٹیرر فنانسنگ سے متعلق تفصیلی مذاکرات ہوئے۔ اس کے علاوہ اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات، بینکنگ ریگولیشنز اور دیگر اہم امور پر بھی تکنیکی سطح کے مذاکرات کیے گئے۔
تعارفی مذاکرات کے سیشن کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک سمیت سینئر مینجمنٹ نے وفد کو مجموعی معاشی صورت حال اور پالیسی اقدامات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد آج اور کل مزید دو روز تک کراچی میں مرکزی بینک حکام کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا۔
Shoaib Nizami reports Finance, Fedeal Board of Revenue, Planning , Public Accounts, Banking, Capital Market, SECP, IMF, World Bank, Asian Development Bank, FATF updates for ARY News


