اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے بعد پاکستان کیلئے اضافی 5ارب 6کروڑ ڈالر فنڈنگ کی راہ ہموار ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستان کے مشن چیف نیتھن پورٹر نے امریکی جریدے بلومبرگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کیلئے تین ارب ڈالر کی منظوری دی گئی ہے، جس میں سے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر پاکستان کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔
نیتھن پورٹر کا کہنا تھا کہ اس رقم سے الیکشن سے پہلے زرمبادلہ ذخائر کو استحکام مل سکے گا اور آئی ایم ایف معاہدے کے بعد پاکستان کو اضافی پانچ ارب ساٹھ کروڑ ڈالر کی فنانسنگ جلد مل جائے گی۔۔
آئی ایم ایف مشن چیف نے کہا کہ پاکستان کومزید رقم عالمی بینک، ایشین انفرسٹرکچرانویسٹنمنٹ بینک اوراسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے ملے گی، اس سے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ سکے گا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دوست ممالک سے تین ارب ڈالرسے مل چکےہیں جبکہ تین ارب سترکروڑ ڈالر جلد مل جائیں گے جبکہ فچ نے بھی پاکستان کی فنانشل ریٹنگ کو بہتر کردیا ہے۔