اسلام آباد : عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو ریلیف دینے پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے چار سو یونٹ والے بجلی صارفین کیلئے ریلیف کی تجویز مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان کی 400 یونٹ والے بجلی صارفین کیلئے ریلیف کی تجویز مسترد کردی اور 200 یونٹ والے بجلی صارفین کیلیے ریلیف پر رضا مند ہوگیا۔
گراں حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان صرف دو سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بل قسطوں میں وصول کرنے پر اتفاق ہوا۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام سے تقریبا چالیس لاکھ بجلی صارفین کو وقتی ریلیف ملنے کا امکان ہے جبکہ چارسو یونٹ تک ریلیف کی صورت میں تین کروڑ بیس لاکھ صارفین مستفید ہوسکتے تھے۔
واضح رہے کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف صرف اگست کے بلوں کے لیے ہوگا۔
یاد رہے حکومت نے بجلی بلوں میں ریلیف دینے کیلئے آئی پی پیز کے 15 ارب سے زائد استعمال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بجلی بلوں میں ریلیف کا نیا پلان آئی ایم ایف کو ارسال کیا تھا۔