بدھ, جون 10, 2026
اشتہار

آئی ایم ایف کا فروری میں اہم جائزوں سے قبل پاکستانی معیشت میں بہتری کا اعتراف

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: آئی ایم ایف نے پاکستان کی معیشت میں بہتری اور مہنگائی قابو میں رہنے کا اعتراف کرلیا اور اسٹاف مشن 25 فروری سے پاکستان کادورہ کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک نے واشنگٹن میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ آئی ایم ایف کا اسٹاف مشن 25 فروری سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔

جولی کوزیک نے بتایا کہ اس دورے کے دوران ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (EFF) کے تیسرے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (RSF) کے دوسرے جائزے پر بات چیت ہوگی۔

آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان میں معاشی استحکام آیا ہے اور عالمی اداروں کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مالی کارکردگی مضبوط رہی اور مالی سال 2025 میں ملک نے جی ڈی پی کا 1.3 فیصد پرائمری فسکل سرپلس حاصل کیا۔

جولی کوزیک نے مزید کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح نسبتاً قابو میں رہی جبکہ مالی سال 2025 میں 14 سال بعد پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس بھی حاصل ہوا۔

آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن نے بتایا کہ گورننس اور کرپشن سے متعلق حالیہ رپورٹ میں اصلاحات کی تجاویز شامل کی گئی ہیں، جس میں ٹیکس پالیسی کو سادہ بنانا اہم اصلاحات میں شامل ہے۔

اس کے علاوہ سرکاری خریداری میں مساوی مواقع فراہم کرنا اور اثاثہ جات کے گوشواروں میں شفافیت بہتر بنانا بھی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں