پیر, مئی 18, 2026
اشتہار

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کی پاکستان کی اصلاحات اور معاشی استحکام کی تعریف

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹرکی پاکستان کی اصلاحات اور معاشی استحکام کی تعریف کرتے ہوئے کہا مضبوط پالیسیوں اور ساختی اصلاحات کا تسلسل معاشی ترقی کیلئےاہم ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور استحکام کی سمت میں کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط پالیسیوں کے تسلسل سے ملک میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحاتی پروگرام اور مستقبل کے روڈ میپ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کی جانب سے ساختی اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ اصلاحاتی پروگرام پر سختی سے عملدرآمد کے باعث پاکستان کا معاشی استحکام برقرار رہا ہے۔

ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ دارانہ معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عالمی مارکیٹ اور سرمایہ کاروں کے درمیان پاکستان کی ساکھ بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پائیدار معاشی ترقی ہی عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

ملاقات کے دوران آئی ایم ایف کی سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے لیے مضبوط پالیسیوں اور ساختی اصلاحات کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی اصلاحاتی کوششوں اور ذمہ دارانہ پالیسی سازی کے ذریعے طویل مدتی استحکام کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ حکومت معیشت کی بہتری کے لیے جامع اصلاحات کا ایجنڈا جاری رکھے گی تاکہ ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں