اسلام آباد (7 جون 2026): عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) بجٹ 27-2026 میں سولر پینل، بیڑی، انورٹر و دیگر مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ کرنے کے اپنے مطالبے پر تاحال قائم ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بجٹ 27-2026 میں سیلز ٹیکس میں رعایتیں کم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے جس سے وفاقی حکومت پریشان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف سولر پینل پر سیلز ٹیکس 1 سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کے مطالبے پر قائم ہے، یکم جولائی سے اس پر سیلز ٹیکس کی شرح بڑھنے کا امکان ہے، اسی طرح بیٹریوں اور انورٹرز پر بھی سیلز ٹیکس 18 فیصد تک کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف سولر پینل پر سیلز ٹیکس میں رعایت کی مخالفت پر سختی سے قائم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: درآمدی سولر پینل پر کسٹمز ڈیوٹی کیلیے نئی قیمتیں مقرر
الیکٹرک گاڑیوں کے سی کے ڈی کٹس پر سیلز ٹیکس چھوٹ 1 جولائی 2026 سے ختم ہونے کا امکان ہے، مقامی تیار یا اسمبل الیکٹرک گاڑیوں پر ایک فیصد سیلز ٹیکس 30 جون 2026 تک نافذ رہے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں پر رعایتی سیلز ٹیکس کی مدت 30 جون 2026 کو ختم ہو جائے گی جبکہ مزید ٹیکس رعایت دیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
قبائلی علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر سیلز ٹیکس استثنیٰ 30 جون 2026 تک برقرار رہے گا، الیکٹرک امپورٹڈ بسوں پر بھی سیلز ٹیکس 1 سے بڑھا کر 18 فیصد کیے جانے کا امکان ہے۔


