اسلام آباد : آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے مہنگائی بڑھنے اور معاشی ترقی کی رفتار سست ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو حالیہ سیلابوں کے باعث شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے ملک کی معاشی ترقی کی رفتار سست اور مہنگائی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سیلاب کے اثرات سے جی ڈی پی گروتھ رواں مالی سال کے دوران 3.6 فیصد تک محدود رہنے کا امکان ہے، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھنے اور بجٹ اہداف متاثر ہونے کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ٹیکس نظام اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرانے کی فوری ضرورت ہے تاکہ مالیاتی استحکام حاصل کیا جا سکے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ترسیلات زر میں اضافے سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں رکھنے میں مدد ملی ہے۔
مزید پڑھیں : پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ، عالمی بینک نے خبردار کر دیا
آئی ایم ایف نے بتایا کہ مالی سال 2030 تک پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 4.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، بشرطیکہ حکومت اصلاحات اور مالی نظم و ضبط پر عملدرآمد جاری رکھے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے رواں مالی سال مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم سیلاب کی وجہ سے قیمتوں میں دوبارہ اضافے کا خدشہ ہے۔
آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ حکومت کو مختلف شعبوں میں دی گئی قلیل مدتی سبسڈیز ختم کرنی ہوں گی تاکہ مالی خسارہ کم ہو سکے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مڈل انکم ممالک میں پاکستان رواں مالی سال تیسرے نمبر پر گروتھ حاصل کرے گا ، مڈل انکم ممالک میں مصر، مراکش کی جی ڈی پی گروتھ پاکستان سے زیادہ ہوگی۔
Shoaib Nizami reports Finance, Fedeal Board of Revenue, Planning , Public Accounts, Banking, Capital Market, SECP, IMF, World Bank, Asian Development Bank, FATF updates for ARY News


