کراچی: وزارت خزانہ نے پچیس ہزار مالیت کے نئے پرائز بانڈز کی فروخت سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پچیس ہزار کے نئے پرائز بانڈز کی فروخت پر فوری پابندی عائد کردی گئی ہے، بانڈز کو اسپیشل سیونگز یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں تبدیل کرایا جاسکتا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اکتیس مئی دو ہزار اکیس کے بعد پچیس ہزار مالیت کا پرائز بانڈ ناقابل استعمال تصور ہوگا، صارفین اسٹیٹ بینک، نیشنل بینک سمیت پانچ بینکوں کی سولہ برانچوں سے بانڈز کو تبدیل کراسکتے ہیں، بانڈ کیش کرانے والا شخص ذاتی حیثیت میں اپنے اکاؤنٹ میں رقم منتقلی کراسکےگا۔
یہ بھی پڑھیں: 25 ہزار کے پرائز بانڈز سے متعلق حکومت کا اہم فیصلہ
واضح رہے کہ چالیس ہزار کے بعد پچیس ہزار کے انعامی بانڈز ختم کرنے کا فیصلہ فناشنل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی شرائط میں شامل تھا۔
یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 40 ہزار والے بانڈز رواں برس مارچ میں ختم کر دیے تھے، چالیس ہزار مالیت والے پرائز بانڈ کی مالی حیثیت یکم اپریل سے ختم ہو گئی ہے۔ یہ اقدام کالے دھن سے بانڈز کی خریداری کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے اور معیشت کو دستاویزی بنانے کی خاطر کیا گیا تھا۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


