اسلام آباد (10 جون 2026): وزارت قومی صحت کے ماتحت اداروں میں الٹی گنگا بہنے لگی ہے، توسیع پروگرام حفاظتی ٹیکہ جات میں سنیئر ترین پوسٹ پر جونیئر ڈاکٹر کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
وزارت صحت نے گریڈ 19 کے عہدے پر گریڈ 17 کی میڈیکل آفیسر تعینات کر دی، نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ارم نوید ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایف ڈی آئی مقرر کی گئی ہیں۔
ایم او ڈاکٹر ارم نوید کا ڈیپوٹیشن پر پمز سے ایف ڈی آئی تبادلہ کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایف ڈی آئی کی تعیناتی کے لیے بنیادی شرائط نظر انداز کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایف ڈی آئی کے لیے امیدوار کا ویکسین مینجمنٹ، ایم پی ایچ، ایپیڈیمیالوجی میں گریجویٹ ہونا لازم ہے، ایمونائزیشن پروگرام مینجمنٹ سمیت ویکسین پالیسی سازی کا 12 سالہ تجربہ بھی بنیادی شرط ہے۔
کراچی ’دل کے مریضوں کا شہر‘ بن گیا، خطرے کی گھنٹی بج گئی
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت قومی صحت کے ماتحت اداروں میں ویکسین مینجمنٹ اور پبلک ہیلتھ میں گریجویشن سمیت مطلوبہ تجربہ کے حامل متعدد تجربہ کار افسران موجود ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی آئی ڈاکٹر موسیٰ خان نے اے آر وائی نیوز کی جانب سے متعدد رابطوں کے باوجود خبر پر اپنا مؤقف نہیں دیا۔
واضح رہے کہ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن ملک میں پولیو اور خسرہ سمیت متعدی امراض کی روک تھام کا نگران پروگرام ہے۔


