لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز سید ذوالفقار بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سیاحت کے حوالے سے عالمی برانڈ بنائیں گے، ملک میں سیاحتی مراکز پر انفرااسٹرکچر قائم کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار بخاری نے کہا کہ ہم پاکستان میں نئے سیاحتی مقامات کو دیکھنا چاہتے ہیں، حکومت سیاحت کو فروغ کے لیے بہت سنجیدہ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانی بھی سیاحتی مقامات کا رخ کریں، پاکستان کو بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بننے کے لیے وقت لگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ غلط فہمی ہے کہ پاکستان میں سیاحت غیرملکیوں سے کھلے گی، ہمارے اپنےعوام بھی پاکستان کی سیاحت کریں، تھائی لینڈ کو عالمی سیاحت کا مرکز بننے میں 20سال لگے۔
معاون خصوصی نے عزم کیا کہ پاکستان کو ہم نے عالمی برانڈ بنانا ہے، لیکن ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے، پہلی حکومتوں نےسیاحت کو سمجھا ہی نہیں، انہوں نے سمجھا ہی نہیں کہ سیاحت سے نوکریاں مل سکتی ہیں۔
پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے اٹلی کی معاونت، اربوں ڈالر کا فائدہ ہوگا
پوچھے گئے ایک سوال پر ذوالفقار بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے نواز شریف کو ڈی پورٹ کرایا جا سکے، ہم نواز شریف کا کیس برطانیہ کے سامنے رکھ رہے ہیں، 6ہفتے کے لیے علاج کرنے گئے تھے لیکن واپس نہیں آئے، جو میڈیکل چیک اپ کرائیں ہیں ان کی رپورٹ سامنے لائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوج مخالف بیانات دینے کے لیے نواز شریف کی صحت ٹھیک ہے، ان سے پوچھنا چاہیے کس کے کہنے پر ریاست مخالف بیانات دے رہے ہیں۔