تازہ ترین

لاہور میں اسموگ، نجی دفاتر سے متعلق اہم فیصلہ

پنجاب بالخصوص صوبائی دارالخلافہ لاہور میں بڑھتی اسموگ نے معمولات زندگی درہم برہم کردیے ہیں نجی اداروں سے متعلق بھی اہم فیصلہ کر لیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب بالخصوص صوبائی دارالخلافہ لاہور میں بڑھتی اسموگ نے نہ صرف لوگوں کے معمولات زندگی درہم برہم کردیے ہیں بلکہ اسموگ کے مضر اثرات کے باعث شہر میں سانس اور اس سے جڑے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی صحت سے متعلق بھی خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

اسموگ کے ان ہی مضر اثرات کے باعث ایک جانب جہاں حکومت نے اسکولوں میں ہفتے میں تین روز جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی تعطیل کا اعلان کیا ہے وہیں لاہور کے نجی اداروں اور سب آفسز سے متعلق بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسموگ کے حوالے سے لاہور ہائیکوٹ کے بڑے حکم کے بعد حکومت کی جانب سے تمام نجی ادارے اور ان کے سب آفسز ہفتے میں دو روز جمعہ اور ہفتہ بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں اسموگ کی وجہ سے لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ اس وجہ سے تمام نجی ادارے اور ان کے سب آفسز ہفتے میں دو روز جمعہ اور ہفتہ کے روز بند رہیں گے۔

ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق یہ نوٹیفکیشن آج سے 15 جنوری 2023 تک نافذ العمل رہے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت اسموگ کے باعث اسکول ہفتے میں تین روز بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر چکی ہے۔

Comments

- Advertisement -