کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے غزہ میں محصور لوگوں کی مدد کیلئے راہداریوں پر زور دیا ہے۔
پوپ فرانسس نے غزہ میں محصور لوگوں کی مدد کے لیے راہداریوں کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں سب سےبڑھ کر انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے، بچے، بیمار، بوڑھے، خواتین و تمام شہریوں کو تنازع کا شکار نہیں بنایا جائے۔
اس سے قبل اپنے ردعمل میں انہوں نے اسرائیل اور فلسطین میں امن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور جنگ کسی حل کی طرف نہیں لے جاتی۔
ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز اسکوائر پر گفتگو کرتے ہوئے پوپ نے حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ ایک شکست ہے تمام جنگ ایک شکست ہے آئیے ہم اسرائیل اور فلسطین میں امن کے لیے دعا کریں۔
پوپ فرانسس نے کہا کہ میں آپ سے التجا کرتا ہوں حملے اور ہتھیار بند ہو جائیں، دہشت گردی اور جنگ کسی حل کی طرف نہیں لے جاتی بلکہ صرف بہت سے معصوم لوگوں کی موت اور مصائب کا باعث بنتی ہے۔