اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

سعودی عرب اور ترکیہ کے تجارتی تعلقات میں اہم پیشرفت

اشتہار

حیرت انگیز

جے پور : ترکیہ اور سعودی عرب نے بھارت میں منعقدہ گروپ20کے اجلاس کے موقع پر دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور اپنے ملک کی مشکلات سے دوچار معیشت کے لیے زیادہ سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کے خواہاں ہیں۔

ترکیہ کی وزارتِ تجارت کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیر تجارت عمر بولات نے اپنے سعودی ہم منصب ماجد القصبی سے بھارت کے شہر جے پور میں جی 20 ممالک کے وزرائے تجارت کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی ہے۔

ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں گذشتہ دو سال کے دوران میں نمایاں بہتری آئی ہے اور دوطرفہ کوششوں کے نتیجے میں یہ مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ سعودی عرب نے جولائی میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر طیب ایردوآن کے درمیان ملاقات کے بعد ترکیہ سے گوشت اور ڈیری مصنوعات کی درآمد دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

ترک وزارتِ تجارت کے بیان کے مطابق وزیرتجارت نے بتایا کہ ہم نے سعودی عرب کے ویژن 2030 کے دائرہ کار میں دوطرفہ تجارت، کنٹریکٹ سروسز، تعاون کے مواقع جیسے امور پر مخصوص اقدامات کا جائزہ لیا۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم اپنے ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تعاون کے مطابق اپنے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔

ترکیہ حال ہی میں متحدہ عرب امارات سمیت دیگر عرب ممالک کے ساتھ بھی تعلقات کی بہتری کے لیے اقدامات پر عمل پیرا ہے اور وزیرتجارت عمر بولات نے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ثانی الزیودی سے بھی جے پور میں سرمایہ کاری اور تجارت بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں