لاہور : پنجاب بجٹ کی اہم معاشی تجاویز سامنے آگئیں، جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام ، جاری اسکیموں سمیت دیگر منصوبوں کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی اہم معاشی تجاویز سامنے آ گئی ہیں، جن میں بتایا گیا کہ ترقیاتی بجٹ 1450 ارب روپے سے کم کرکے 752 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں مجموعی طور پر 3 ہزار 560 منصوبے شامل کیے گئے ہیں، ان میں جاری اسکیموں کے لیے 493 ارب 25 کروڑ روپے جبکہ نئی اسکیموں کے لیے 258 ارب 75 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
جاری منصوبوں کے لیے 353 ارب 84 کروڑ روپے مقامی جبکہ 139 ارب 40 کروڑ روپے غیر ملکی فنڈنگ سے فراہم کیے جائیں گے۔
اسی طرح نئی اسکیموں کے لیے 254 ارب روپے لوکل اور 4 ارب 68 کروڑ روپے فارن فنڈنگ کی مد میں رکھے گئے ہیں۔
بجٹ تجاویز کے مطابق لاہور میں نواز شریف کینسر اسپتال کے لیے آئندہ مالی سال 20 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ کلثوم نواز کینسر اسپتال ڈیرہ غازی خان کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے، جس کی مجموعی لاگت 15 ارب روپے ہوگی اور پہلے مرحلے میں 80 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔
تعلیم اور نوجوانوں کی فلاح کے شعبے میں وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ پروگرام کے لیے 15 ارب 69 کروڑ روپے، کسان کارڈ پروگرام کے لیے 2 ارب 47 کروڑ روپے، کسان کارڈ فیز ٹو کے لیے 6 ارب 75 کروڑ روپے اور لائیو اسٹاک کارڈ فیز ٹو کے لیے ایک ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
پرواز کارڈ انٹرنیشنل پلیسمنٹ پروگرام کے لیے 30 کروڑ روپے رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نواز شریف انجینئرنگ یونیورسٹی قصور کے لیے ساڑھے 9 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، جبکہ قصور یونیورسٹی کے لیے آئندہ مالی سال میں 20 کروڑ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ لاہور کے 169 ارب روپے مالیت کے منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر 2 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح مریم نواز ہیلتھ کلینک کے لیے 61 کروڑ روپے، مریم نواز اسپورٹس سٹی لاہور کے لیے 11 کروڑ روپے اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خودمختار پروگرام کے لیے 5 کروڑ 90 لاکھ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے ہر ڈویژنل سطح پر مریم نواز آٹزم اسکولز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کی مجموعی لاگت ساڑھے 4 ارب روپے ہوگی، جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے ایک ارب 90 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مختلف شہروں میں اسپورٹس، پارکس، سڑکوں اور عوامی سہولتوں کے متعدد منصوبوں کے لیے بھی فنڈز مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پنجاب کا مالی سال 2026-27 کا بجٹ آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔


