بحرین کے بعد کویت نے بھی کورونا پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے مساجد کو پوری گنجائش کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کویتی میڈیا کے مطابق کابینہ نے کورونا کی صورتحال میں بہتری آنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معمولات زندگی کو بحال کرنے کی منظوری دیتے ہوئے سخت احتیاطی تدابیر میں نرمی اور بعض پابندیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کابینہ نے ملک بھر کی مساجد میں پوری گنجائش کے ساتھ نمازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے جب کہ تمام شاپنگ مالز، تجارتی مراکز اور مارکیٹوں میں نافذ احتیاطی تدابیر ختم کر کے پوری گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی ہے۔
اسی طرح ویکسین شدہ مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے البتہ وہ افراد جنہوں نے ویکسین کی دوخوراکیں نہیں لیں وہ مملکت آمد پر 7 روز کی آئیسولیشن کریں گے اور اس دوران پی سی آر ٹیسٹ منفی آیا تو گھریلو آئیسولیشن ختم کر دی جائے گی۔
کابینہ نے تمام سرکاری دفاتر میں معمول کے مطابق امور انجام دیے جائیں گے اور ڈیوٹی پہلے کی طرح کی جائے گی۔