کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے ادارے کی بہتری کیلئے ناتجربہ کار افسران کو نیا ٹاسک سونپ دیا، افسران کو تجاویز دینے کیلیے صرف دس دن کی مہلت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب سروس پی آئی اے کی بہتری کے نام پر ناتجربہ کار85افسران کو نیا ٹاسک دے دیا گیا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نامزد افسران15ٹیم کے ذریعے ائر لائن کی بہتری کے لئے مختلف تجاویز پر مبنی رپورٹس پیش کریں گے۔
برسوں سے بدحالی کی شکار ائر لائن کی بہتری پر مبنی تجاویز دینے کے لئے ان افسران کو صرف دس دن کا وقت دیا گیا ہے۔ کراس فنکشنل ٹیموں کے سربراہ براہ راست نئے چیف ایگزیکٹو افسر کو رپورٹ کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ ٹیمیں پسنجرز ہینڈلنگ اور فلائٹس کی بروقت آمدورفت، فلائٹ شیڈول اور فیول بچت کے بارے میں تجاویز دیں گی، ڈیبٹ ری اسٹرکچرنگ، مالیاتی امور، کارگو ریونیو میں اضافے، کاسٹ کٹنگ بھی ٹاسک میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ پائلٹس کی فٹنس ،ٹریننگ اور سیفٹی، انجینئرنگ سیفٹی کلچر، فلیٹ پلاننگ میں بہتری بھی نئے ٹاسک کا حصہ ہے۔ ٹیموں سےمارکیٹنگ حکمت عملی، پروڈکٹس میں بہتری سمیت حج آپریشن اور بیگیج پالیسی پر بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹیمیں موجودہ فضائی آپریشن پر نظر ثانی اور کارکردگی میں کمزور شعبوں کی نشاندہی بھی کریں گی، ائر لائن کی فوری بہتری کے علاوہ میڈیم ٹرم بہتری کے علاوہ عملدرآمد پر مبنی پلان پیش کریں گی۔
ائر لائن بہتری کے نام پر قائم ٹیموں کے لئے نامزد فہرست میں سی او او اور سی سی او بھی شامل ہیں، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حال ہی میں ائر لائن جوائن کرنے والے مذکورہ افسران ایوی ایشن سے متعلقہ تجربے کے حامل نہیں ہیں، تجربے سے محروم اافسران کو بالترتیب ایک اور دو ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔