شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے مرحوم والدہ کے لیے جذباتی شاعری شیئر کردی۔
عمران عباس پاکستان کے مایہ ناز اداکار ہیں جن کی انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ اس وقت انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 8.7 ملین ہے۔
وہ شوبز انڈسٹری سے متعلق مسائل پر کھل کر آواز اٹھانے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔
حال ہی میں عمران عباس نے اسلام آباد میں ‘جشنِ جون ایلیا’ کی تقریب میں شرکت کی، جو اردو شاعری اور مشہور شاعر جون ایلیا کے نام منسوب تھی۔ اس تقریب کے دوران وہ اپنی والدہ کے انتقال کے بعد ان کے لیے لکھی گئی ایک نظم سناتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔
نظم کے الفاظ کچھ یوں ہیں:
’’آنکھیں ڈھونڈتے ڈھونڈتے تھک گئیں عیدی دینے والے ہاتھ۔ میری نظر اتارنے والے اور وہ صدقہ دیتے ہاتھ۔ کتنی ساری باتیں تھیں جو کہنی تھیں تب بھول گیا۔ میرے ہاتھ سے چھوٹ رہے تھے جب وہ تیرے ٹھنڈے ہاتھ۔‘‘
عمران عباس نے کمنٹس میں لکھا: "میں نے یہ اپنی والدہ کے انتقال کے بعد پہلی عید پر لکھا تھا۔ میں اپنے دل کی گہرائیوں سے آپ سب کی اس بے پناہ محبت اور پذیرائی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ میری آپ سے عاجزانہ درخواست ہے کہ براہِ کرم میری والدہ، میرے والد اور میری بہن کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے والدین کو لمبی اور صحت مند زندگی عطا فرمائے، اور جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں ان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ جزاک اللہ
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


