اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے این اے 122سے علیم خان کو منتخب کرنے پروضاحت دیتے ہوئے پارٹی کارکنان کے نام پیغام جاری کر دیا۔
اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ علیم خان شریف آدمی ہیں کوئی جرم کیا ہوتا تو شریف برادران علیم خان کے خلاف شواہد اکٹھا کر کے انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ ضرور بناتی۔
انہوں نے کہا کہ علیم خان کو کامیاب بنانے کے لئے تمام انصافینز ایک ہو جائیں ،مقابلہ ن لیگ سے ہے جو طاقت اور اختیارات کا ناجائز استعمال کر ے گی۔
عمران خان نے کہا کہ علیم خان ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے رفاعی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،نمل کالج کے قیام اور شوکت خانم میموریل ہسپتال کے لئے ان کی خدمات نہیں بھول سکتا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ علیم خان کی شرافت کا سب سے بڑا ثبوت خود شریف برادران ہیں ،سیاسی انتقام کی ماہر پنجاب حکومت اور شریف برادران سات سال کی کوشش کے باوجود علیم خان کے خلاف کوئی ثبوت نہ لا سکے۔
علیم خان کا کیس جہانگیر ترین جیسا ہے جن کی کامیابی سے بہت سو لوگوں کو مسئلہ ہے۔