ممبئی: بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے بھارت کے تعلیمی نظام پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی پڑھائی کا کیا فائدہ جسے حاصل کرنے کے باوجود نوجوان نسل کچھ سیکھ نہ سکے۔
ممبئی میں اپنی فلم کی پروموشن ’چیٹ انڈیا‘ پر گفتگو کرتے ہوئے عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ بھارت کا تعلیمی نظام ایسا نہیں کہ طالب علم پڑھنے کے بعد ایک قابل اور اچھا انسان بن سکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’میرے نزدیک ایسے نظامِ تعلیم سے نوجوانوں کا مستقبل بننے کے بجائے تاریک ہوتاہے، ہمارے تعلیمی نظام میں جس طرح امتحانات پاس کیے جاتے ہیں اُس کے بارے میں سب بخوبی واقف ہیں‘۔
عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہے کچھ لوگ میری نئی فلم پر تنقید کریں گے اور بولیں گے کہ تعلیمی نظام بہت بہتر ہے، دراصل یہ سب لوگ اُسی مافیا کا حصہ ہیں جو نوجوانوں کا مستقبل تباہ کررہی ہے کیونکہ ایسی تعلیم حاصل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں‘۔
مزید پڑھیں: عمران ہاشمی کی نئی فلم ’چیٹ انڈیا‘ کا ٹریلر جاری
اداکار نے خود بھی سوال اٹھایا کہ والدین خود بتائیں اُن کے بچے ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود معاشرے کے لیے اچھے انسان بن سکے؟، یقیناً نہیں کیونکہ یہ سب اُسی مافیا کی کارستانیاں ہیں جو نقل کے رجحان کو فروغ دے رہی ہے۔
یاد رہے کہ عمران ہاشمی اپنی نئی فلم ’چیٹ انڈیا‘ میں نقل مافیا کے سرگرم کارکن کے طور پر کردار ادا کررہے ہیں، اس کہانی کے ذریعے یہ دکھانے کی کوشش کی گئی کہ نقل مافیا کی وجہ سے تعلیمی نظام کا کس طرح بیڑہ غرق ہوا۔
فلم کی کہانی سومک سین نے لکھی اور وہی اس کی ہدایت کاری انجام دے رہے ہیں جبکہ اس فلم کو عمران ہاشمی پروڈیوس کررہی ہے، فلم 25 جنوری2019 کو سینیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔