کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کی 20 سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حق اور سچ کا سفر مشکل ہوتا ہے مگر اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کی 20 سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اے آر وائی کو مبارکباد دی۔
اپنے ٹویٹ میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اے آر وائی کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، اس کامیابی کے پیچھے ایک لمبی جدوجہد ہے۔
انہوں نے کہا کہ حق اور سچ کا سفر مشکل ہوتا ہے مگر اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے۔
ARY کو میری جانب سے دلی مبارک۔ پوری ٹیم اے آر وائ مُبارک کی مستحق ہے- اس کامیابی کے پیچھے ایک لمبی جدوجھد ہے- حق اور سچ کا سفر مشکل ہوتا ہے مگر اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے- مُبارک @ARYNEWSOFFICIAL
— Imran Ismail (@ImranIsmailPTI) September 16, 2020
یاد رہے کہ آج 16 ستمبر کو اے آر وائی نیٹ ورک کے قیام کو 20 سال کا عرصہ مکمل ہوگیا ہے، ان برسوں میں اے آر وائی نیٹ ورک نے بے شمار کامیابیاں سمیٹیں اور آج وہ میڈیا انڈسٹری میں پاکستان کی بڑی شناخت بن گیا ہے۔
اے آر وائی نیٹ ورک کی ٹیم نے اللہ کی رحمت، انتھک محنت، مثالی قیادت اور شاندار ٹیم ورک کے ساتھ 2 دہائیوں پر مشتمل شاندار سفر طے کیا۔
اس موقع پر اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ ہم نے ملک کو 20 سال دیے جبکہ پاکستان نے بھی ہمیں 20 سال دیے۔ ملک کے لیے کام کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے کچھ غلطیاں ہو جائیں تو انہیں درگزر کردیں کیونکہ ہم ہر روز کچھ نیا کرنے کا سوچتے ہیں، دعا ہے ایسا کام کریں جو ملک اور قوم کے لیے بہتر ہو۔