کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی افراد کا اہم کردار ہے، اب سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
خصوصی افراد کی تقریب میں میئر کراچی وسیم اختر سمیت اہم سماجی و سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی، تقریب میں محکمہ خصوصی تعلیم کے مختلف اسکولز کے بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی افراد کا بھی اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماعت سے محروم افراد کی خواہش پر ان کے ڈرائیونگ لائسنس کے بل پر دستخط کردیئے گئے ہیں اب سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور اپنی طرف سے خصوصی افراد کو سلام پیش کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں : خصوصی افراد کے لیے اقدامات پر 4 ہفتے میں لائحہ مرتب کیا جائے: وزیرِ اعظم کی ہدایت
گرین لائن بس منصوبے میں خصوصی افراد کو بھی تمام سہولیات میسر ہوں گی، حکومت پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے وژن پر کاربند ہے۔