تازہ ترین

عمران خان کا ملک گیر جلسوں اور تحریک کا اعلان

دادو: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو شاطر سیاست دانوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور بیرونِ ملک اثاثے بنائے، پاناما کے فیصلے میں آئندہ آنے والے چیف جسٹس نے نوازشریف کو جھوٹا اور کرپٹ انسان قرار دیا، 28 اپریل کو وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگیں گے۔

دادو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تیس سال سے نوازشریف کو جانتا ہوں اس لیے معلوم ہے انہوں نے پیسہ کیسے بنایا اور لندن کے فلیٹ کس طرح خریدے، موجودہ حکومت نے بیرونِ ملک سے قرضے لینے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے جس کی ادائیگی عوام کو کرنی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کی کرپشن عوام کے سامنے آگئی ہے اور پاناما فیصلے کے بعد عوام اچھی طرح سے واقف ہیں کہ حکمرانوں نے کس طرح ملک میں لوٹ مار کی اور بیرونِ ملک پیسہ بنایا، نوازشریف کو عدالتوں تک پہنچا دیا اب آصف زرداری کا پیچھا کرنے سندھ آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کےچیف جسٹس نےنوازشریف کوجھوٹا، نااہل اور کرپٹ قراردیا، ججزنےکہا نوازشریف نےجھوٹا قطری خط عدالت میں پیش کیا، عدالت نے جھوٹا اور کرپٹ قرار دیا تو ن لیگ کے لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے لیاقت علی جتوئی کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارک باد پیش کی اور اپنی جماعت کو سندھ میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کے احکامات بھی دیے۔

پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  دو جماعتیں باریاں لگا کر عوام کو بے قوف بنا رہے ہیں، سندھ میں کرپشن کی انتہاء کردی گئی اور یہاں پینے کا پانی تک نہیں، ایان علی5لاکھ ڈالرلےجاتےہوئےپکڑی گئیں تو شرجیل میمن بھی کرپشن کرتےہوئےپکڑے گئے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آصف زرداری بہت شاطر سیاستدان ہیں انہوں نے اپنا پیسہ چھپانے کے لیے کبھی بھی بیرونِ ملک کی سرمایہ کاری واپس لانے کا اعلان نہیں کیا، جو کام ڈکٹیٹر نہیں کرسکا وہ آصف زرداری نے کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کو صرف ایک صوبے کی جماعت بنا کر کردکھایا۔

عمران خان نے کرپشن کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم قوم اورکرپٹ ٹولےکےدرمیان اب جنگ ہوگی، دادو سے تحریک کا آغاز کردیا ہے، 28 اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کر کے نوازشریف سے استعفیٰ مانگیں گے اور حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف ملک کے تمام کونوں میں جائیں گے۔

Comments

- Advertisement -