ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

پاکستانیو، تیار ہوجاؤ ، اب یہ چور دھاندلی کیلیے اترے ہیں، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں نے دھاندلی کیلیے الیکشن کمیشن کو ساتھ ملایا ہوا ہے، پاکستانیو! ہوشیار ہوجاؤ، اب یہ چور دھاندلی کیلیے اترے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے نے پنجاب کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں بھکر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان چوروں نے دھاندلی کیلئے الیکشن کمیشن کو ساتھ ملایا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر کتنی بار مریم اور حمزہ ککڑی کے پاس گئے تھے، پاکستانیو! ہوشیار ہوجاؤ، اب یہ چور دھاندلی کیلیے اترے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ انھوں نے دھاندلی کرنے کا پروگرام بنا رکھا ہے، کیونکہ شریف خاندان کی خاصیت ہے کہ یہ ایمانداری سے کچھ نہیں کرسکتے، چیف الیکشن کمشنر بتاؤ کس طرح دھاندلی کررہے ہو؟ مجھے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ایک مسٹر ایکس ہے جس کو چوروں کو جتوانے کا حکم ملا ہوا ہے اور اب مجھے خبر ملی ہے کہ مسٹر ایکس نے ایک مسٹر وائی کو ملتان پہنچا دیا ہے، دھاندلی کی کوشش کی گئی تو بتانا چاہتاہوں عوام الیکشن میں پھینٹی لگائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر دور میں یزید ہوتے ہیں جو خوف ،دہشت پھیلا کر عوام کو غلام بناتے ہیں، سب سے بڑا بت خوف کا ہے، قوم سے کہتا ہوں اسے توڑنا ہے کسی سے نہ ڈرنا، ہم کسی کی غلامی نہیں کرنا چاہتے لیکن اپنی آزادی کیلیے آزاد خارجہ پالیسی کے تحت پوری دنیا سے دوستی چاہتے ہیں، میں امریکا کو جانتا ہوں ہم امن میں آپ کے ساتھ ہیں جنگ میں نہیں، دوستی کیلیے تیار ہیں مگر غلامی کیلیے کبھی کھڑے نہیں ہونگے۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں الیکشن ہے، آپ سب نے نکلنا ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ بھی اس قوم کے حالات اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ قوم خود کوشش نہ کرے، ساری قوم سے کہتا ہوں آپ سب نے 17 جولائی کو اپنی حالت بدلنی ہے، 2018 کے الیکشن میں عوام کو اس طرح باہر نکلتے نہیں دیکھا جو اس بار دیکھ رہا ہوں، یہ جو مرضی کرلیں،  یہ 20 میں سے ایک نشست بھی نہیں جیت سکتے، میں عرفان اللہ نیازی سے کہتا ہوں کہ آپ الیکشن جیت گئے مگر اللہ کو محنت پسند ہے، آپ نے ایک منٹ ضائع نہیں کرنا، 6 گھنٹے سوئیں، گھر گھر جائیں اور لوگوں سے ملیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے چوروں کی حکومت مسلط کی گئی اور اب دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن میں چور ڈاکوؤں اور ان کو لانے والے کو کہتا ہوں سن لو، میری جان بھی قربان ہوجائے ان چوروں کو کبھی تسلیم نہیں کروں گا اور نہ ہی قوم امریکا کی غلامی کرے گی۔

پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے، عمران ریاض، ارشد شریف جیسے محب وطن صحافیوں پر ایف آئی آر کٹ رہی ہیں، عمران ریاض کو پکڑ کر ذہنی طور پر تشدد کیا گیا، میرے لوگوں پر اور خود مجھ پر 15 ایف آئی آر کاٹی گئیں، یہ چاہتے ہیں کہ ہم ان امریکی غلاموں کو تسلیم کرلیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کو تسلیم کرلیا تو ہم ساری زندگی ان چوروں اور امریکا کی غلامی کرتے رہیں گے، قوم کو بتانا چاہتاہوں ہم نے ان کیخلاف حقیقی آزادی کی جنگ اورجدوجہد کرنی ہے، ثنا اللہ مستی خیل کو لوٹا بنانے کی پوری کوشش ہوئی مگر آپ نہیں ہوئے کیونکہ جس کا کوئی نظریہ اور قبلہ نہیں ہوتا وہ لوٹا بن جاتا ہے، جہاں پیسہ اور فائدہ نظر آئے، یا دھمکی آجائے لوٹے کا رخ وہیں ہوجاتا ہے اور جب لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو وہ ملک تباہ کر دیتے ہیں، عوام نے میرے ساتھ مل کر لوٹوں اور چوروں کو شکست دینی ہے، دریا خان کے مقامی لوٹے کو آپ نے شکست دینی ہے، میں آپ کی ڈیوٹی لگا رہا ہوں، گھر گھر جانا ہے اور پیغام پہنچانا ہے کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ چور 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، سیاست میں 26 سال سے ان چوروں کا مقابلہ کر رہا ہوں، انہوں نے آتے ہی مہنگائی کردی کیونکہ یہ مہنگائی ختم کرنے نہیں بلکہ اپنی چوری اور کرپشن کے کیسز ختم کرنے آئے تھے، ہم نے اپنے دور حکومت میں چوروں سے 480 ارب روپے وصول کیے انہوں نے آتے نیب قانون بدل دیا اور قوم کا چوری کیا گیا 1100 ارب روپیہ معاف کرالیا۔

عمران خان نے کہا کہ احسن اقبال سے کہتا ہوں فیملی نے آپ کیلیے چور چور کے نعرے بالکل درست لگائے میں تو کہتا ہوں کہ آپ چور نہیں بلکہ ڈاکو ہو، آپ کا بھگوڑا نوازشریف اور چیری بلاسم شہبازشریف بھی چور ہیں، غیرآئینی طور پر وزیراعلیٰ حمزہ ککڑی وہ بھی چور ہے، اس ملک کی سب سے بڑی بیماری بھی آپ کیساتھ ملا ہوا ہے وہ بھی چور ہے، کراچی کے حالات دیکھیں، 14سال سے سندھ میں زرداری کا ٹولہ بیٹھا ہے، کراچی ملک کا معاشی دارالخلافہ ہے لیکن ان چوروں نے اس کا کیا حالت کردی، یہ کراچی کی بہتری کا پیسہ چوری کرکے ملک سے باہر بھیج دیتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ چوروں کی مہم چلانے والی جھوٹوں کی شہزادی 8 سال پہلےکہتی تھی میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں، پاناما پیپرز آتے ہیں پتہ چلتا ہے ان لوگوں نے دولت چھپائی ہوئی تھی، لندن کے سب سے مہنگےعلاقے مے فیئر میں اربوں روپے کے 4 محلات مریم بی بی کے ہیں، انکشاف ہو جاتا ہے تو مریم کا بھائی حسین کہتا ہے وہ اپارٹمنٹس الحمدللہ ہمارے ہیں، سلمان شہباز کہتا تھا کہ جس اربوں کی پراپرٹی کی بات کر رہے ہیں لاکر دکھائیں، سلمان شہباز کک بیکس اسپیلسٹ کو بھی آپ نے سن لیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں