منگل, جنوری 21, 2025
اشتہار

آئی جی سندھ کو غلط کام نہ کرنے پر ہٹایا، مودی کرپٹ نہیں، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

چکوال: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو غلط کام نہ کرنے پر ہٹایا گیا، جب تک کرپٹ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی نہیں ہوگی تب تک ملک ٹھیک نہیں ہوسکتا، بھارتی وزیراعظم جیسا بھی ہے مگر وہ کرپٹ نہیں۔

چکوال تلہ کنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے حالات بدلیں گے، ملک کو بدلنے کے لیے 21 سال کی جدوجہد کی یہی وجہ ہے کہ آج تحریک انصاف ایک صوبے نہیں بلکہ پورے ملک کی نمائندہ جماعت بن چکی ہے جبکہ باقی جماعتیں صرف صوبوں کی حد تک محدود ہوگئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی واپسی پر 5 ارب روپے کی کرپشن کرنے والے شرجیل میمن کو رہائی ملی، ڈاکٹر عاصم کو 460 ارب روپے کی کرپشن کے باوجود ضمانت مل گئی، ملک کی دو بڑی جماعتوں نے نام نہاد جمہوریت کو بچانے کے لیے ایک بار پھر مک مُکا کرلیا ہے۔

- Advertisement -

عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم نے جتنے کی کرپشن کی اُس سے کم خیبرپختونخوا کا بجٹ ہے، اگر پاکستان کو ترقی دینی ہے تو کرپشن کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنی ہوگی۔ تحریک انصاف کرپٹ لوگوں کے خلاف ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ایسا شخص جو کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتا ہو اُسے قانون کے کٹھرے میں لایا جائے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاناما کیس میں نوازشریف کے اثاثے سامنے آئے، یہ وہ پیسہ ہے جو کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرونِ ملک بھیجا گیا مگر نوازشریف نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ پیسہ قطری نے دیا۔ انہوں نے کہا کہ نقل کے لیے عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔

آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ہم آب سے پوچھیں گے کہ سرے محل کہاں سے آیا، آپ کو مشورہ ہے کہ ابھی سے قطری شہزادے کو پکڑ لیں تاکہ جواب دینے میں آسانی رہے کیونکہ حکمرانوں کی کرپشن بچانے کے لیے قطری شہزادہ ایک دم سے سامنے آگیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہندوستان کا وزیر اعظم موودی کرپٹ نہیں ہے اس کی جائیداد ملک میں ہی ہے جبکہ ہمارے حکمرانوں کی جائیدادیں کاروبار سب ملک سے باہر ہیں اس لیے پاکستان میں بیرونِ ملک سے سرمایہ کاری نہیں آتی۔ خیبرپختونخوا حکومت میں کرپشن نہ ہونے کی وجہ سے غیرملکی 20 ارب کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے مزید کہا کہ مسلم دنیا کو سازش کے تحت تقسیم کیا جارہا ہے، جن عالمی طاقتوں نے شیعوں کے خلاف سنیوں کو استعمال کیا اب وہی شیعوں کو سنیوں کے خلاف استعمال کررہی ہیں، مسلم مملک کو یکجا کرنے کے لیے ہمیں ثالث کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں