The news is by your side.

Advertisement

لٹیروں کو امریکی سازش کے تحت مسلط کر دیا گیا ، عمران خان

راولپنڈی : سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لٹیروں کو امریکی سازش کے تحت مسلط کر دیا گیا، انہوں نے 2 ماہ میں وہ تاریخی مہنگائی کی جو ہم نے ساڑھے 3 سال میں نہیں کی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے راولپنڈی ایگزیکٹو کونسل کے ممبران کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک اپنی حقیقی آزادی کیلئے بڑی اہم جدوجہد کر رہا ہے،30 سال تک ملک لوٹنے والوں کو امریکی سازش کےتحت مسلط کیا گیا، سازش کے تحت مسلط حکومت نے2 ماہ میں ملک کا کیا حال کر دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کے سمندر میں ڈوب رہے ہیں، ہمیں ہمارے پر امن احتجاج کے جمہوری حق سے روکنے کی کوشش کی گئی ، 25 مئی کو ہمارے کارکنان پر ظلم کیا گیا۔

لانگ مارچ کے دوران پولیس پر تشدد کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ کسی مارشل لامیں بھی پولیس ،رینجرز کو شیلنگ کرتے نہیں دیکھا ، مشرف کے مارشل لاکے دوران جیل گیا اس دور میں بھی ایسا ظلم نہیں دیکھا، ان کو ڈر تھا کہ عوام سڑکوں پر نکل آئی تو ان کیلئے خطرہ ہو گا۔

سابق وزیراعظم کا مہنگائی سے متعلق کہنا تھا کہ ہمارے 3 سال مہنگائی کے نام پر مہنگائی مارچ کئے، انہوں نے 2 ماہ میں وہ تاریخی مہنگائی کی جو ہم نےساڑھے3سال میں نہیں کی، ابھی مزید مہنگائی آنے والی ہے، وزیر خزانہ نے کہا آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے مزید مہنگائی ہو گی۔

انھوں نے بتایا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے کارکنان کا بڑا اہم کردار ہے، اس بار کال دوں تو تیاری سے نکلنا ہے، 25تاریخ کو پر امن مارچ کیلئے تیاری کی تھی اور اندازہ نہیں تھا کہ حکومت جواب میں وہ سب کرے گی جو ہوا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نہ عورتوں کو دیکھا نہ بچوں کو ،ظلم کیا گیا، میڈیا کو کنٹرول کر لیا گیا، صحافیوں کو دھمکیاں آ رہی ہیں، 70سال میں کبھی قوم کو ایسے متحد نہیں دیکھا جیسے انکے خلاف ہوئی،یہ پہلی دفعہ ہوا کہ ممی ڈیڈی اور برگر کراوڈ بھی آپ کے ساتھ ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک کا مزدور اور کسان طبقہ بھی ساتھ ہے، گھر میں بیٹھی خواتین، نوجوان طلباء اور پروفیشنلز تیار ہیں، اس بار ڈور ٹو ڈور جائیں گھر جا جا کر بتائیں کہ یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم سب سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن غلامی کسی کی نہیں کریں گے، امریکاکا بوٹ پالشرچیری بلاسم کہتا ہے ہم بھکاری ہیں، 22کروڑ لوگوں کو کہا گیا بھکاری ہیں، ہم بھکاری نہیں ہم پر مسلط کیا گیا خود بھکاری ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں