جمعہ, دسمبر 6, 2024
اشتہار

نیا پاکستان تب بنے گا جب ’نیا کراچی‘ بنے گا:عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے آج بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں کراچی کے علاقے لیاری میں عوامی قوت کا مظاہرہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے لیاری کے علاقے ککری گراؤنڈ میں جلسہ کیا جس سے عمران خان نے خطاب کیا۔

جلسے میں عوام کی کثیر تعداد موجود تھی اور کارکنان کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

- Advertisement -

عمران خان کا لیاری کے عوام سے خطاب


تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جسے بچانا سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’مجھےلیاری میں جلسہ کرنے سے ڈرایا گیا لیکن میں دیکھ رہا ہوں کہ یہاں کے عوام ڈرنے والے نہیں ہیں‘‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں زبان کی بنیاد پرسیاست کی گئی،لیاری میں بلوچ اور کچھی کو لڑایا گیا اور گولیوں اورمارکٹائی سے سیاست کی گئی۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جس دن نیا کراچی بنے گا اسی دن نیا پاکستان بنے گا۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی میں لوگوں کو تقسیم کیا گیا، کراچی کے لوگوں میں موجود تقسیم کو ختم کرنے کی ذمہ داری میں لیتا ہوں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کبھی کسی ایسی جماعت کو ووٹ نہیں دینا جس کے سربراہ کی جائیدادیں ملک سے باہرہوں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخواہ میں قائم احتساب سیل نے ہماری جماعت کے وزیروں کو پکڑا جو کہ شفافیت کی مثال ہے۔

انہوں نے لیاری میں اپنے شاندار استقبال پرخطاب کے اختتام پرلیاری کےعوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔


شہرقائد میں دیگر سرگرمیاں


لیاری میں جلسے سے خطاب کے بعد عمران خان تحریک انصاف کے کارکنان سے ملاقات کے لئے نارتھ ناظم آباد کے علاقے فائیو اسٹارچورنگی پہنچے اور کارکنا ن سے مختصر خطاب کرکے گلشن اقبال کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ کی جانب روانہ ہوگئے جہاں کارکن پہلے سےان کے منتظر تھے۔

تحریک انصاف کے قائد پاک فضائیہ کی پہلی شہید لیڈی پائلٹ مریم مختیار کے گھربھی تشریف لے گئے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کری۔

مریم مختیار کے گھر سے تحریک انصاف کے سربراہ کراچی ایئرپورٹ سے اسلام آبادکے لئے روانہ ہوگئے۔


اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو


ایئر پورٹ پر اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کےعوام نے انہیں اور ان کی جماعت کوبھرپورپذیرائی دی۔

ان کا یہ بھی کہناتھا کہ 5 دمسبر کو کراچی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

عمران خان کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم میں مائنس ون فارمولہ باہر سے نہیں اندرسےلایاجارہاہے۔


کارکنان کا احتجاج


تحریک انصاف کے سربراہ کو کورنگی کے علاقے داوٗد چورنگی پر بھی کارکنان سے خطاب کرنا تھا تاہم وقت کی قلت کے سبب عمران خان وہاں نہ پہنچ سکے۔

مذکورہ علاقے کے کارکنان کپتان کے جلسے میں نہ آنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔

کارکنان کا کہنا ہے کہ صبح سے عمران خان کا انتظار کررہے ہیں تاہم مقامی انتظامیہ نے آخری لمحات میں جلسہ ملتوی کیا۔

تحریک انصاف کے کارکنان نے اپنے مقامی رہنماوٰٗں کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں