اسلام آباد (27 جنوری 2026): چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کو بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ منگل پارٹی کے بانی عمران خان سے ملاقات کا دن ہے، ملاقات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ پارٹی کو عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے ہم 15 ویں بار چیف جسٹس سے ملنے آئے تھے، وہ نہیں ملے۔ ہم نے پیغام چھوڑا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواستوں کو مقرر کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقات قیدی کا بنیادی حق ہے۔ ملاقاتیں عدالتی کے احکامات کے مطابق ہونی چاہئیں۔ اس حوالے سے ہم نے ایم این ایز کی طرف سے عمران خان سے ملاقات کی درخواست جمع کرائی ہے جب کہ ایک خط ایم این ایز کے دستخط کر کے چیف جسٹس کے پاس جمع کرا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا واضح موقف ہے دہشت گردی پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کیا جائے۔ حکومت سے ملاقاتوں کے حوالے سے کوئی رابطہ یا کمٹمنٹ نہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


