کسانوں پر ظلم ہوا، رائے ونڈ مارچ میں شریک ہوجائیں، عمران

لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمراں جماعت کسانوں پر ظلم کرکے اُن کو احتجاج تک کرنے نہیں دے رہی مگر پی ٹی آئی حکومتی ظلم کے خلاف مظلوم کسانوں کے ساتھ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اُن کا کہنا تھا کہ ’’حکمرانوں نے کسانوں سے احتجاج کا حق بھی چھین لیا ہے، پہلے اُن پر ظلم کیا جاتا ہے اور جب وہ اس کے خلاف آواز اٹھائیں تو انہیں گرفتار کرلیا جاتا ہے‘‘۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’’تحریک انصاف کسانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف ہے اور ہم اُن سے اپیل کریں گے کہ وہ ظالموں کے خلاف رائے ونڈ احتجاج کا حصہ بنتے ہوئے اس میں شرکت کریں ہم اُن کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے‘‘۔
پڑھیں: رائے ونڈ مارچ کے لیے تحریک انصاف کی تیاریاں زور و شور سے جاری
مزید پڑھیں: رائیونڈکسی کی جاگیر نہیں،پورےپاکستان سے لوگوں کو رائیونڈ لے کرجائیں گے، عمران خان
انہوں نے پولیس کی جانب سے کسانوں کی گرفتار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’پر امن احتجاج کسانوں کا حق ہے، انتظامیہ کی ہدایت پر کسانوں کو حراست میں لینا غیر جمہوری رویے کی عکاسی کرتا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’’گرفتار کیے گئے تمام کسانوں کو فی الفور رہا کیا جائے اور انہیں احتجاج کا پورا حق دیا جائے‘‘۔
بعد ازاں رائیونڈ مارچ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ ’’30 ستمبر کو جوش دکھانے کے لیے بہت وقت ملے گا، دھرنوں کے ذریعے ہمارا پیغام پورے ملک میں پہنچا اب آخری مرحلے میں پورے ملک کے عوام مظاہرے میں شرکت کریں گے‘‘۔