اسلام آباد (18 اگست 2026): پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا غیر ملکی ڈاکٹرز سے چیک اپ کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے آج بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے اگلی سماعت تک انہیں اسپتال میں رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد اب عمران خان کا غیر ملکی ڈاکٹروں سے چیک اپ کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ مطمئن نہ ہوئے تو غیر ملکی ڈاکٹروں کو بھی ان کے علاج کے لیے پاکستان بلایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ میں عمران خان کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق سماعت میں عدالت عظمیٰ نے ان کی آج ہی شفا انٹرنیشنل اسپتال میں منتقلی کا حکم جاری کیا تھا۔
تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت میں پیش کردہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے تمام اہم باڈی پارٹس ڈسٹرب ہیں۔
عدالت عظمیٰ نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کا حکم دینے کے ساتھ پی ٹی آئی کو بانی کی صحت پر سیاست کرنے سے بھی روک دیا ہے۔
سپریم کورٹ کا بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم


