The news is by your side.

Advertisement

عمران خان نے فوری عام انتخابات کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فوری طور پر عام انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم الیکشن کا اعلان کر کے مینڈیٹ دوبارہ لیں۔

بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت سے صرف قرضے حاصل کیے اور اب ان کی قسطیں ادا کرنے کے لیے بھی نئے قرضے لینے پڑھ رہے ہیں،  عوام پر نئے ٹیکس عائد کر کے پیسے اکھٹے کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں غربت بڑھ گئی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالا ، ہمارے وزیر خارجہ نے امریکی صدر کی تقریر پر ردعمل دینے کے بجائے اپنے ہی گھر کی صفائی کی باتیں شروع کردیں، وزراء کا یہ رویہ دنیا کو پاکستان کے خلاف بولنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے ہمارے وزیراعظم نااہل شخص نوازشریف کو وزیراعظم کہتے اور سمجھتے ہیں، شاہد خاقان عباسی کے بیان سے معلوم ہوتا ہےکہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو کچھ نہیں سمجھتے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے مزید کہا کہ نااہل شخص کو دوبارہ لانے کے لیے اسمبلیوں میں بل پیش کیا جارہا ہے، جمہوری حکومت اس طرح کے بل منظور نہیں کرواتی مگر حکومت خود جمہوریت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کریں اور تازہ مینڈیٹ لے کر اسمبلی میں آئیں کیونکہ اب عوام کے سامنے حکمرانوں کا چہرہ آچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب اور نگراں حکومت سے قبل اپوزیشن لیڈر کو تبدیل کرنے کی کوشش شروع کردی ہیں تاکہ آئندہ کوئی مک مکا نہ ہو اور کرپٹ شخص کے خلاف کارروائی کی جائے، عمران خان نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ اسحاق ڈار سمیت شریف خاندان کے تمام افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں