لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی چوہدری نثار سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔
کوئٹہ کمیشن رپورٹ پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی پیپلز پارٹی کے ہمنوا بن گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چوہدری نثار صفائی دیں یا مستعفی ہوں۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ کی رپورٹ نے حکومت کی نا اہلی عیاں کردی۔ مریم نواز ٹوئٹ سے تاثر دے رہی ہیں کہ اپنے لوگ آگئے ہیں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سڑکوں پر نکل کر نواز شریف کی تلاشی شروع کروا دی ہے۔ نواز شریف پارلیمنٹ میں آ کر وضاحت نہ دے کر ایوان کی اہمیت کو کم کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 اگست کو کوئٹہ میں سول اسپتال کے باہر ہونے والے دھماکے کی رپورٹ آج پیش کردی گئی جس میں وزارت داخلہ کے کردار پر سوال اٹھایا گیا۔ کمیشن کی رپورٹ میں وزارت داخلہ کے کردار اور کارکردگی پر بھی تنقید کی گئی۔