راولپنڈی (3 مارچ 2026): پمز اور شفا آئی اسپتال کے ڈاکٹرز نے اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی آنکھ کا طبی معائنہ مکمل کر لیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ عمران خان کی آنکھ کا فالواپ چیک اپ اڈیالہ جیل میں پمز اور شفا آئی اسپتال کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر ندیم قریشی نے کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے عمران خان کی آنکھ کے مختلف ٹیسٹ کیے، انہوں نے سابق وزیر اعظم کی آنکھ کی بینائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی بینائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
عمران خان کی دوسری آنکھ متاثر ہونے کا خدشہ
اس سے قبل علیمہ خانم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کی صحت ہمارے لیے ترجیح ہے، بانی پی ٹی آئی نے گزشتہ ملاقات پر بھی کہا تھا کہ ان کی آنکھ ٹھیک نہیں ہوئی، حکومت جھوٹ بول رہی ہے بھائی کی آنکھ 90 فیصد ٹھیک نہیں ہوئی۔
علیمہ خانم نے کہا کہ ہمیں عمران خان کی تفصیلی رپورٹ آج تک نہیں دی گئی، ہمیں خدشہ ہے دوسری آنکھ بھی متاثر نہ ہو، لطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ کی ہدایات پر آج پٹیشن دائر کی ہے، ہمارا مطالبہ ہے بھائی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چیک اپ پر ہم نے جن ڈاکٹرز کے نام دیے حکومت نے مسترد کیے، حکومت نے اپنے طور پر ڈاکٹرز کی ٹیم اڈیالہ جیل بھیجی ہے، ڈاکٹرز کی ٹیم میں شامل ہماری تجویز شدہ ڈاکٹر نے ہمارے ڈاکٹرز سے رابطہ ختم کر دیا۔
علیمہ خانم نے دعویٰ کیا کہ بشریٰ بی بی کی فیملی اندر ضرور گئی لیکن ملاقات نہیں کروائی گئی۔
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔


