اسلام آباد : جاپان کے سفیر کونینوری مٹسوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حوصلے اور تدبر سے موجودہ حالات کا مقابلہ کیا، جاپان ان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ جاپانی سفیر نے بابر اعوان کو نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر کونینوری مٹسوڈا کا کہنا تھا کہ جاپان کے وزیراعظم جلد پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں، کورونا سے پیدا صورتحال میں بہتری آتے ہی دورے کی تاریخ طے ہوگی، جاپانی وزیراعظم پاکستانی ہم منصب کو بھی دورہ جاپان کی دعوت دیں گے۔
جاپانی سفیر نے وزیر اعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نےحوصلے اور تدبر سے موجودہ حالات کا مقابلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جاپان وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، درست حکمت عملی کے باعث پاکستان میں افراتفری نہیں پھیلی، پاکستان میں معمولات زندگی دیگر ممالک کی نسبت بہتر رہے، کسی چیز کی کمی نہیں ہوئی۔
جاپانی سفیر کا کہنبا تھا کہ جاپان کرونا وائرس کاپھیلاؤ روکنے کے لیے پاکستان سے بھرپور تعاون کرے گا، دونوں ملکوں میں اسٹرٹیجک پارٹنر شپ کو بھی مضبوط کیا جائیگا۔
ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے پاکستان سے تعاون کرنے پر جاپانی سفیر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جاپان سے دیرینہ تعلقات ہیں اس تعاون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، دونوں ممالک میں ہونے والے دو معاہدے دیرینہ تعلقات کا مظہر ہیں۔