بدھ, نومبر 13, 2024
اشتہار

عوام کو سڑکوں پر لے آیا تو شریفوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ یہ کہنا کہ ہمارا ہمیشہ احتساب ہوا شریف فیملی کاایک اورجھوٹ ہے، چیئرمین نیب نے ان کااحتساب نہیں کیا ان کوبچایا ہے، لیکن اب انہوں نے ایسا کیا تو عوام کو سڑکوں پر لے آؤں گا چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں جے آئی ٹی پر لگی ہوئی ہیں، حکمران احتساب روکنے کے لئے ہر حربہ استعمال کر رہے ہیں، ان کو مافیا کا نام دینا بالکل ٹھیک ہے۔

- Advertisement -

عمران خان نے مزید کہا کہ مافیا کا کام ہی دھمکیاں دینا ہوتا ہے، دباؤ ڈالنے کیلئے ہرقسم کا حربہ استعمال کیا جارہا ہے، مافیا پیسے دیکر خریدتا ہے یا پھر دھمکیاں دیتا ہے، جمہوری لوگ دھمکیاں نہیں دیتے۔ پہلے دھمکیاں دے کر پھرقربانی کابکرا بنانا یہ ان کا پرانااسٹائل ہے۔

گارڈ فادر کو پیغام دے رہا ہوں یہ 1997نہیں ہے، اگر آپ نے واردات کی تو قوم کو سڑکوں پر نکالوں گا اور آپ کو جدہ جانے کا موقع نہیں ملے گا۔ عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے ابھی تک ایک بھی منی ٹریل نہیں دی، ججز نے بالکل ٹھیک کہاہے کہ ن لیگ واقعی مافیا ہے۔

نیب کا چیئرمین ان لوگوں کو بچارہا ہے،ان کااحتساب نہیں کررہا، ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے نہال ہاشمی کا نام لئے بغیر کہا کہ چوہے کو کبھی جوش نہیں چڑھ سکتا جب تک کوئی پیچھے نہ بیٹھا ہو۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس اٹھانے پر میرے خلاف 6 کیسز بنائے گئے، یہ مک مکا کرنا چاہتے ہیں کہ ہمیں ہاتھ نہ لگاؤ، چھابڑی والے کو بھی پتا ہے کہ قطری خط فراڈ ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان منی لانڈرنگ سے تباہ ہو رہا ہے، 10 ارب سالانہ منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک جاتا ہے، ان ڈاکوؤں کی منی لانڈرنگ سے پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہو رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں