کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے لیے بڑے بڑے منصوبے شروع کیے گئے تھے، شہباز شریف کی ترقی آج لاہور میں بے نقاب ہوگئی، شہباز شریف کو بلا کر پوچھا جائے نقصان کا ذمہ دار کون ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ اورنج ٹرین کے نیچے سیلاب آیا ہوا ہے، مال روڈ بیٹھ گیا ٹھیک کرنے میں اربوں روپے لگیں گے، شہباز شریف کی ترقی کا آج لاہور میں پول کھل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیسے ایمانداری سے خرچ ہوتے تو لاہور کا یہ حال نہ ہوتا۔ 40 ارب روپے صرف اشتہاروں پر خرچ کیے، لوگوں کو پاگل بنایا۔
عمران خان نے کہا کہ ن لیگ کے رہنما بھی جانتے ہیں مے فیئر فلیٹ شریف فیملی کے ہیں، عدالت میں ثابت ہوگیا لندن میں جائیدادیں شریف فیملی کی ہیں، لوگوں کو بتانا ہوگا میرا یہ نظریہ ہے اسی لیے ہمیں ووٹ دیں۔
مزید پڑھیں: پیسہ ایمانداری سے خرچ ہوتا تو بارش کے بعد لاہور کا یہ حال نہ ہوتا: عمران خان
انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے، ماضی میں ڈیمز بنانے پر توجہ نہیں دی گئی، جنگلات کی کٹائی کی گئی، درخت نہیں لگائے گئے مسئلہ مزید سنگین ہوگا، درخت لگائے جائیں گے تو موسم بھی ٹھیک ہوگا اور پانی کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کے لیے انتظامیہ اور پولیس کو غیرجانبدار ہونا چاہئے، ایڈیشنل آئی جی کراچی سے مسئلہ ہے انہیں تبدیل کرنا چاہئے۔