کراچی : داؤدی بوہری جماعت کے روحانی پیشوا سے عمران خان ،مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق روحانی پیشوا سیدنا محمدعالی قدرمفضل سیف الدین سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ملاقات کی، عمران خان کراچی میں داؤدی بوہری جماعت کے روحانی پیشوا کے گھر گئے، ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خیبر پختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبے پر خصوصی بات چیت کی گئی، سیدنا مفضل نے بلین ٹری منصوبے کے حوالے سے پختونخوا حکومت کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں کی جانب سے ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعا کی گئی جبکہ بوہرا جماعت کے عمائدین کی جانب سے عمران خان کو روایتی شال پہنائی گئی۔
دوسری جانب داؤدی بوہری جماعت کے روحانی پیشوا سے پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل اور قومی کر کٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی ملاقات کی۔
مزید پڑھیں : بوہرہ جماعت کے پیشوا کوپاکستان کے ویزے جاری
یاد رہے چند روز قبل ہی داؤدی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا علی قدر مفضل سیف الدین پاکستان کے دورے پر آئے ہیں، داؤدی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا ایک ماہ پاکستان میں قیام کریں گے اور محرم الحرام میں منعقد ہونیوالے مذہبی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا سیدنا مفدل سیف الدین اور ان کے ہمراہ آنے والے دوسو افراد کو تیس یوم کے لیے پاکستان کے ڈ بل انٹری اور پولیس ویری فیکیشن سے مستثنیٰ ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔