The news is by your side.

Advertisement

کورونا وائرس : پاکستان اور نائیجیریا کو ایک جیسے حالات کا سامنا ہے، عمران خان

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو کورونا کے باعث دہرے چیلنج درپیش ہیں، اس سلسے میں پاکستان اور نائیجیریا کو ایک جیسے حالات کا سامنا ہے۔

یہ بات انہوں نے نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعظم عمران خان کا نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان کورونا وبا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی، اس کے علاوہ کورونا وائرس کے باعث خطے کے ممالک کو درپیش معاشی چیلنجز پر بات چیت کی۔

وزیراعظم نے نائجیرین صدر کو کورونا کے خلاف پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا، عمران خان نے کورونا کے خلاف نائیجیرین عوام اور حکومت سے اظہار یکجہتی کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کو ایک جیسے حالات کا سامنا ہے، ترقی پذیر ممالک کو کورونا کے باعث دہرے چیلنج کا سامنا ہے، ہم نے لوگوں کی زندگیاں بچانی ہیں، بھوک اورغربت سے بھی لڑنا ہے، لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے، ترقی پذیر ممالک کے لیے قرضوں میں ریلیف مہم کا آغاز اسی لیے کیا۔

نائیجیرین صدر نے وزیراعظم عمران خان کی مہم کی حمایت کا اعادہ کیا۔ بات چیت کے دوران وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ اور آئی ایم ایف سمیت اسٹیک ہولڈرز کے اقدامات کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں میں ریلیف کے اقدامات پر بات کی، دونوں فریقین نے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنے تجارتی اور معاشی میدان میں دو طرفہ رابطے تیز کرنے پر اتفاق کیا، دونوں ممالک کے رہنماؤں نے باہمی تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے نائیجیریا کے ساتھ تعلقات کو مزید گہراکرنے کے عزم کا اعادہ کیا، بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے نائیجرین صدر محمد بوہاری کو پاکستان کے دورے کے دعوت بھی دی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں