اسلام آباد (11 نومبر 2025): عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر دائر توہین عدالت درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر لیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے وکیل سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزار ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت ک بتایا کہ آپ کے تحریری حکمنامہ کے باوجود آخری منگل کو میری عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی، ایس ایچ او اعزاز نے آپ کے حکم کو مانا ہی نہیں، عدالت ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو آج ساتھ بھیجے۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان اکرم راجہ کی آج ہی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ ساتھ نہیں بھیج سکتے التبہ نوٹس کرتے ہیں، ہم قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت اگلی سماعت کی تاریخ دے دے۔ اس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ آپ کو تاریخ مل جائے گی ٹویٹر ایکس کیس سے پہلے کی۔
وکیل نے کہا کہ وہ کیس تو دسمبر میں ہے آج بھی ملاقات کا دن ہے عدالت ملاقات کی اجازت تو دے۔
اس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اے جی صاحب ہمارے حکم کے بعد ان کی ملاقات کیوں نہیں ہوئی؟ آخری بار بھی آپ کو کہا تھا کہ اگر یہ ملاقات نہ کر سکے تو ایکس کیس میں ہماری معاونت کیسے کریں گے؟
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم نے آگے بتا دیا تھا میں متعلقہ حکام کو آج پھر آگاہ کر دوں گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر دائر توہین عدالت درخواست پر فریقین نوٹس جاری کیے اور جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو سلمان اکرم راجہ کی جیل ملاقات کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے توہین عدالت درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی، کیس کی آئندہ تاریخ تحریری حکمنامہ میں جاری ہوگی۔


