اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئی تاریخ بننے جارہی ہے پاناما لیکس پرعدالتی فیصلہ تاریخ ساز فیصلہ ہوگا۔
بنی گالہ میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز کا انکشاف نہ ہوتا تو وزیراعظم کے اہلِ خانہ کبھی نہیں مانتے کہ مے فیئر میں ہمارے فلیٹس اور دیگر جائیداد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئی سیاسی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے پہلی مرتبہ وزیراعظم کی تلاشی لی جا رہی ہے حکومت کے ذہن میں بھی نہیں تھا کہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ جائے گا، پاناما کیس پرعدالتی فیصلہ تسلیم کریں گے تاہم سیاسی طورپر تحریک انصاف یہ کیس پہلے ہی جیت چکے ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ثبوت دینا ہمارا کام نہیں ہے،تحقیقات کرنا کمیشن کاکام ہے تاہم اب ہمارے پاس مضبوط ثبوت اور بہترین قانونی دلائل آ گئے ہیں برطانیہ سے کچھ اہم چیزیں ملی ہیں جس سے کیس مزید مضبوط ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کیس شریف فیملی کی ذاتی کرپشن کا کیس ہے نواز شریف کی وجہ سے باقی لوگ بچ رہے ہیں ہم نے عدالت میں صرف یہ ثابت کرنا ہے نواز شریف جھو ٹ بول رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ادارے آزاد ہیں ادارے تباہ ہوں توملک تباہ ہوجاتا ہے جب کہ جمہوریت تباہ ہوتوملک کامستقبل تباہ ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاناما لیکس میں میرا نام ہی نہیں تھا لیکن ہمیں خاموش کروانے کے لیے ایف بی آر اور الیکشن کمیشن کو میرے پیچھے لگا دیا گیا۔