ہفتہ, اگست 15, 2026
اشتہار

کیا بانی پی ٹی آئی قید تنہائی میں سزا کاٹ رہے ہیں؟ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی اہم رپورٹ سامنے آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (5 اگست 2026): سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں تین سال مکمل ہونے پر اہم رپورٹ عدالت میں پیش کر دی جس کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کی گئی اس رپورٹ میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے اور ان کے ساتھ کسی بھی قسم کے امتیازی یا غیر مساوی سلوک کی تردید کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: سب ڈیل کر کے آئے، بانی پی ٹی آئی سے بھی ڈیل ہی ہوگی، اعجاز الحق کا دعویٰ

رپورٹ کے مطابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایا کہ جیلوں میں قید تنہائی کا نظام ختم ہو چکا ہے، اب یہ رائج ہے اور نہ عدالتیں ایسی سزا دیتی ہیں، عمران خان سمیت کسی بھی قیدی کو قید تنہائی میں نہیں رکھا گیا، وہ سزا یافتہ ہیں اور قانون کے مطابق اپنی قید کاٹ رہے ہیں۔

عمران خان کو اضافی سہولیات

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق عمران خان کے ساتھ دیگر قیدیوں کی طرح قانونی اصولوں کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے، ان کے ساتھ کوئی امتیازی یا غیر مساوی برتاؤ نہیں کیا جا رہا، بہتر کلاس قیدی ہونے کی وجہ سے ان کو کچھ اضافی سہولتیں فراہم کی ہیں، سابق وزیر اعظم اور سیاسی رہنما ہونے کی وجہ سے سکیورٹی کے انتظامات کیے۔

عام قیدیوں کو عمران خان کے بلاک تک رسائی نہیں

انہوں نے رپورٹ میں مزید بتایا کہ سکیورٹی وجوہات پر عام قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی کے بلاک تک رسائی نہیں، عمران خان کو میسر سہولتیں ظاہر کرتی ہیں کہ وہ قید تنہائی میں نہیں ہیں، سابق وزیر اعظم 7 سیلوں پر مشتمل کمپاؤنڈ میں دن بھر آزادانہ چل پھر سکتے ہیں اور صرف رات کے مخصوص اوقات میں اپنے سیل میں رہتے ہیں۔

روزانہ 3 مرتبہ طبی معائنہ اور کھانے کی جانچ

’جیل افسران اور عملہ عمران خان کی ضروریات سے متعلق ان سے رابطے میں رہتا ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ معمول کے مطابق اور ضرورت پڑنے پر خصوصی ملاقات کرتے ہیں۔ جیل کے ڈاکٹر روزانہ 3 مرتبہ ان کا معائنہ اور کھانے کی جانچ کرتے ہیں۔ ڈاکٹر ان کا بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن اور آکسیجن سمیت دیگر طبی امور چیک کرتے ہیں جبکہ ضرورت پیش آنے پر اضافی طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔‘

روزانہ پسندیدہ مینو کے مطابق 3 وقت کا کھانا تیار کیا جاتا ہے

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک سزا یافتہ قیدی عمران خان کے پسندیدہ مینو کے مطابق روزانہ 3 وقت کا کھانا تیار کرتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس خادم حسین سومرو کل قید تنہائی سے متعلق درخواست پر سماعت کریں گے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے کیس میں جواب جمع کروا دیا گیا ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں