جہلم : سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان اور وزیر خارجہ خواجہ آصف ملک کی صفائی کرنے کا بیان دینے کے بجائے پہلے اپنے اپنے گھروں کی صفائی کریں جو اپنے متنازع بیانات کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔
وہ جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے, عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی بہترین ٹیم تیار کر رہا ہوں جو اپنے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے کھیلے گی اور وہی قوم فتح حاصل کرتی ہے جو اپنے وطن کے لیے کھیلتے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ٹیم وہ فتح یاب ہوتی ہے جس کے کھلاڑی اپنے لیے نہیں بلکہ ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں جیسا کہ 1992 میں ہم نے ورلڈ کپ جیتا۔
عمران خان نے کہا کہ ملک کا دیوالیہ نکل رہا ہے لیکن چند لوگ امیر سے امیر تر ہوتے جا رہے ہیں کیوں کہ کرپشن کر کے یہ لوگ ملک کا پیسا باہر ملک منتقل کردیتے ہیں اس لیے عوام غریب تر اور اشرافیہ امیر تر ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوشحالی شریفوں اور زرداریوں کے حصے میں آرہی ہے اور غریب آدمی بے چارہ مزید غریب ہوتا جا رہا ہے کیوں کہ چند خاندان نے ملک کے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے اور باصلاحیت نوجوانوں کو آگے نہیں آنے دیا جاتا۔
سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے یہاں فیصلے میرٹ پر نہیں ہوتے اور باصلاحیت لوگوں کو آگے لانے کے بجائے اپنے خاندان کے نااہل لوگوں کو آگے لاکر ملک کو تباہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی نے کبھی اسکول کی شکل ہی نہیں دیکھی تو کس طرح ٹیلنٹ باہر آئے گا ؟ ہم نے کے پی کے کے اسکولوں کے معیار کو بلند کیا اور بہترین تعلیمی نظام بنایا اور اب وہاں لوگ پرائیویٹ اسکول کے بجائے سرکاری اسکول میں اپنے بچوں کو داخل کروا رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ پی آئی اے دنیا کی بہترین ایئر لائن تھی لیکن اس کے بعد میرٹ کے بجائے سفارش کا کلچر عام ہوا اور نااہل لوگ اہم عہدوں پر فائز ہوگئے جنہوں نے دنیا کی بہترین ایئر لائن کو تباہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو تو لیڈر تھے لیکن آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے کیا کیا؟ دنیا بھر میں جدو جہد کرنے والے لیڈر بنتے ہیں لیکن پاکستان میں لیڈر بننے کے لیے اہلیت محض بیٹا یا بیٹی ہوتا ہے جیسا کہ بادشاہی نظام میں ہوتا ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ میں پوچھتا ہوں کہ مریم نواز میں کیا اہلیت ہے؟ جو لیڈربن گئی ہیں، کیا چوہدری نثار اور مریم نواز اور اعتزاز احسن اور بلاول بھٹو کا کوئی مقابلہ ہے ؟ جو مریم و بلاول کو سربراہ بنادیا گیا۔
عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں سوال پوچھتا ہوں کہ عدالت نے نواز شریف کو نا اہل کیا ہے لیکن آپ آج بھی انہیں اپنا وزیراعظم کہتے ہیں تو جب وزیراعظم ہی سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مانتا توعوام کیا مانے گی؟
انہوں نے کہا کہ اپنے گھر کی صفائی کا بیان دینے والے وزیراعظم اور وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کو پہلے اپنے اپنے گھروں کی صفائی کرنی چاہیے، یہ دونوں میں پاکستانی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔