تازہ ترین

عمران خان کی حریت رہنما یاسین ملک کیساتھ بھارتی رویے کی سخت مذمت

پشاور : سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین‌ عمران خان نے یاسین ملک کیساتھ بھارتی رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کشمیری آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں ،عالمی برادری دہرا معیار ختم کرے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین‌ عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کوبھارت کی عدالت میں کل سزا سنانے جارہی ہے، یاسین ملک کی کشمیر کی آزادی کے لیے عظیم جدوجہد ہے، انہیں کسی صورت دہشت گرد نہیں کہا جا سکتا

عمران خان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کو جیل میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایاگیا، پاکستانیوں کی طرف سے یاسین ملک کیساتھ بھارتی رویے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میں ہندوستان کی طرف سے ان کو دی جانے والی سزا کی سخت مذمت کرتا ہوں اور عالمی برادری سے کہتا ہوں ، دہرا معیار ختم کرے ، ایک طرف یوکرین میں عالمی قوانین توڑے جانے کی مذمت کرتے ہیں ، دوسری طرف دنیا کشمیرمیں مظالم پر بات کیوں نہیں کرتی۔

یاد رہے 19 مئی کو بھارتی عدالت نے ٹرائل کے بعد یاسین ملک کو مجرم قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ یاسین ملک کی سزا سنانے کی سماعت 25 مئی کو ہوگی۔

خیال رہے کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت رہنما یاسین ملک کو سزا سنائے جانے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں منگل کو مکمل ہڑتال کی اپیل کردی ہے۔

Comments